کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر، لکی اسٹار کے قریب ایک ہوٹل کے کمرے میں نوجوان کے قتل کا معما حل ہو گیا، قاتل گرفت میں آ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر میں ہوٹل کے کمرے سے لاش ملنے کے واقعے میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسامہ نامی قاتل مقتول کا دوست تھا۔
پولیس حکام نے قتل کا واقعہ بدفعلی کا شاخسانہ قرار دے دیا، حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزم آپس میں دوست اور ایک ہی مدرسے کے طالب علم تھے، مقتول 30 سالہ ماجد اور ملزم اسامہ خان کو مدرسے کی انتظامیہ نے نکال دیا دیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق قتل کی واردات کا معمہ موبائل فون ریکارڈ کی مدد سے حل کیا گیا، گرفتار ملزم اسامہ سے مقتول کا موبائل فون برآمد ہوا، ملزم کے قبضے سے خون آلود کپڑے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اسامہ نے اعتراف جرم کر لیا ہے، ملزم نے تلخ کلامی اور جھگڑے کے بعد مشتعل ہو کر دوست کا قتل کیا تھا۔
تفتیش میں معلوم ہوا کہ ہوٹل کا کمرہ 22 جنوری کو کرائے پر لیا گیا تھا، ہوٹل انتظامیہ نے بتایا کہ کافی دن سے کمرہ بند تھا، جب دروازہ کھولا گیا تو لاش ملی۔