کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی ریلی پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے۔
ایم کیوایم کارکن محمد اسلم کی فاتحہ سوئم میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی شرکت کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے محمد اسلم مرحوم کے اہل خانہ اور ایم کیوایم قیادت سے ملاقات کی اس موقع پر گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کی پرامن ریلی پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پرامن احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے بہیمانہ تشدد کیا گیا، ایم پی ایز کو سڑکوں پر گھسیٹ کر پارلیمان کا تقدس پامال کیا گیا۔
گورنرسندھ نے کہا کہ ڈکٹیٹروں سے بھی زیادہ سخت معاملات سندھ میں ہورہے ہیں، سندھ حکومت کو چاہئے، محمد اسلم کی شہادت پر اس کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت تمام معاملات افہام وتفہیم سے حل کرسکتی ہے اور ایم کیو ایم میں بھی سمجھدار قیادت موجود ہے۔