پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

سندھ حکومت اور پی ایس پی کے مذاکرات کامیاب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: نئے بلدیاتی ایکٹ کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ پی ایس پی کے دھرنے میں پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال جیت گئے ہم نے بہت چیزوں کی حامی بھری ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ مردم شماری میں سندھ کے ساتھ زیادتی کی گئی، الیکشن کمیشن نے ہمیں ٹائم دیا تھا، پی ایس پی اور دیگر جماعتوں کی تجاویز زیر غور ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی نے وہ ہمت دکھائی جو کوئی نہیں دکھا سکا، ہماری راہیں جدا ہیں لیکن ملک اور صوبے کے لیے ہم ایک ہیں۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے کبھی سندھ کی تقسیم کی بات نہیں کی، انہوں نے امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

جو بات طے ہوئی اس پر اسی مہینے قانون سازی ہوگی، مصطفیٰ کمال

دوسری جانب پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 11 سے 18 تاریخ کے درمیان اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے، یہ صرف اعلان نہیں قانون سازی ہوگی، جو بات طے ہوئی ہے اس پر اسی مہینے قانون سازی ہوگی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے اس وقت آواز اٹھائی جب سچ بولنے کی سزا موت تھی، ہم نےہمیشہ امن کی بات کی،اللہ نے انکےدلوں میں ہماری بات ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت یہاں کی گلی کوچوں میں فرق لائے گا، مطالبات ماننے پر سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں۔

مزید پڑھیں: نئے بلدیاتی قانون پر مذاکرات کامیاب،جماعت اسلامی کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ نئے بلدیاتی قانون کے خلاف پی ایس پی کا دھرنا چھ روز سے جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نئے بلدیاتی قانون کے خلاف پیپلزپارٹی کے جماعت اسلامی سے بھی مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے، 29 روز بعد جماعت اسلامی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں