کوٹلی: آزاد کشمیر میں بارش اور سیلاب کے سبب مکان ملبے کا ڈھیر اور رابطہ سڑکیں تباہ ہوگئیں جبکہ تحصیل چڑہوئی کراس کے قریب ایک پورا کا پورا گاؤں تباہ ہوگیا۔
کوٹلی آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی ،سبزہ، پہاڑ بارش اور سیلاب میں ایسے گھرے کہ خوشی کے ماحول میں سوز اور فضا میں سوگواری سی چھا گئی۔
سیلابی ریلے رابطہ سڑکوں کو چیرتے ہوئے ایسے آگے بڑھے کہ سڑکیں تباہ ہوگئیں اور آمد ورفت کے لئے رابطہ کا سلسلہ ٹوٹ گیا، نکیال ، سرساوہ، پنجیڑہ ، کھوئیرٹہ ارو گرد و نواح کے علاقوں میں تباہی کا یہ عالم ہے کہ سینکڑوں مکانات گر کر ملبے کا ڈھیر بن گئے، بڑی تعداد میں مال مویشی سیلاب کی نذر ہوگئے۔۔
مسلسل بارش سے نظام زندگی بُری طرح متاثر ہوکر رہ گیا ہے، تحصیل چڑہوئی کراس کے قریب ایک پورا کا پورا گاؤں لینڈ سلائڈنگ سے تباہ ہوگیا، اسکولوں ، کالجوں اور دفاتر میں حاضری کم اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں اور مواصلاتی اور بجلی کا نظام بارش کے سبب بری طرح متاثر ہے۔