سڈنی : آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کیلئے18رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا، ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز ٹیم کے کپتان، اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم اگلے ماہ تقریباً25سال بعد پاکستان کے دورے پر پہنچے گی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔
پہلا ٹیسٹ میچ 4مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ12مارچ سے کراچی میں اور تیسرا ٹیسٹ 21مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔
آسٹریلوی اسکواڈ کے کھلاڑیوں میں ایشٹن آگر، اسکاٹ بولانڈ، الیکس کرے، کمیرون گرین، مارکس ہیرس، جاش ہیزل وڈ ٹریوس ہیڈ، جاش انگلس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عثمان خواجہ، مارنس لابوشین، ناتھن لیون، مچل مارش، مائیکل نیسر، مچل اسٹارک، مچل سویپسن، ڈیوڈ وارنر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 5 مارچ کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گی اور 5 مارچ کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔
آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 27 فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی۔ آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہو گی۔