کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نوکوٹ میں 2 لڑکیوں سے زیادتی اور تشدد کے واقعے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو مکمل رپورٹ فوری طور پر پیش کرنےکی ہدایت کردی۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ صوبےمیں لاقانونیت کو قابو کرنےکیلئےفوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے واقعےمیں ملوث ملزمان کوگرفتارکرنےکےفوری اقدامات کیےجائیں اور ملوث ملزمان کیساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے نوکوٹ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی میرپور خاص کو تحقیقات اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔ فریال تالپور کا کہنا ہے کہ خواتین سے زیادتی کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے واقعے پر افسوس اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعے میں پولیس کا کردار افسوسناک ،شرمناک رہا ہے بچیوں کے اغوا کا مقدمہ مقامی ایس ایچ او کیخلاف درج کیا جائے واقعے میں ملوث افراد کسی رعایت کےمستحق نہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے چیئرمین کےنقش قدم پر مجرموں کی سزا کیخلاف ہے اس لیے ممکن ہے سندھ حکومت ملزمان کو ریلیف فراہم کرے گی ملزمان کوپولیس یاحکومت کی جانب سےریلیف ملا تو احتجاج کریں گے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوکوٹ میں اغوا 2 بچیوں کو زیادتی کے بعد برہنہ کیا گیا تھا اور انہیں سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کہنا ہے کہ لڑکیوں سے گینگ ریپ نہیں ہوا الگ الگ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، نامزد 20 ملزمان میں سے 12 کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ مزید کی تلاش جاری ہے۔