کراچی: کے علاقے نارتھ کراچی میں گاڑی پر فائرنگ کرکے بیٹے کے سامنے باپ کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ بچہ زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس نے فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ نارتھ کراچی کے علاقے پیلا اسکول کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار پر فائرنگ ہوئی، فائرنگ کے نتیجے میں سلمان نامی شخص جاں بحق جبکہ دس سالہ بچہ زخمی ہوا بچےکو ایک گولی لگی جس کی شناخت صبور کے نام سے ہوئی ہے۔
اب واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول سلمان گاڑی میں بچوں کو چھوڑنے جارہے ہیں اسی دوران ان کے پیچھے ملزمان تعاقب کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی: گاڑی پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، بیٹا زخمی
پولیس کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر دو ملزمان آئے تھے انہوں نے مقتول سلمان کو ٹارگٹ کیا اور اسی راستے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے کی مزید فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ حاصل کرکے ملزمان کی تلاش کی جاسکے۔