متحدہ عرب امارات کی حکومت نے معروف پاکستانی اداکار جنید خان کو گولڈن ویزے سے نواز دیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بے رخی‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار جنید خان نے اپنے انسٹا گرام پر گولڈن ویزا ملنے کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت سے گولڈن ویزا حاصل کرنے پر فخر ہے۔
جنید خان کا کہنا تھا کہ دبئی ہمیشہ میرے اور میرے خاندان کے لیے گھر سے دور ایک گھر رہا ہے، اور یہاں ہمارے دورے ہمیشہ شاندار رہے ہیں، گولڈن ویزا ملنے کے بعد ان دوروں میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس اعزاز سے نوازنے پر یو اے ای حکومت کا شکرگزار ہوں اور خوشی محسوس کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ گولڈن ویزا حاصل کرنے والے افراد نیشنل اسپانسر کے بغیر یو اے ای میں تعلیم ،کاروبار اور رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ جنید خان سے قبل ثنا ، عمیر، فخرِ عالم، ہمایوں سعید ، وسیم اکرم ، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا یو اے ای کی جانب سے گولڈن ویزا حاصل کر چکے ہیں
متحدہ عرب امارات کی جانب سے دنیا بھر کی معروف شخصیات کو گولڈن ویزا سے نوازا جاچکا ہے، جن میں کرسٹیانو رونالڈو، سنجے دت، شاہ رخ خان سمیت دیگر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ جنید خان کا ڈرامہ سیریل ’بے رخی‘ ان دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جارہا ہے، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں حبا بخاری، صبا حمید، نازش جہانگیر ودیگر شامل ہیں۔