کراچی: اے آر وائی نیوز دفتر پر حملے سمیت بغاوت اور دیگر مقدمات سے متعلق کیس میں اہم موڑ آگیا ہے، مقدمے میں بانی ایم کیوایم اور دیگر کئی ملزم اشتہاری ہیں۔
ے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہونے والے کیس میں ایم کیوایم رہنماؤں اور ان کے وکلا نے مزید پیروی سے انکار کردیا ہے، جس پر صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔
عدالت نے سینئر وکیل شوکت حیات کی مقدمہ ملتوی کرنےکی درخواست کو مسترد کردیا ہے، استغاثہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہم نے مقدمات دوسری عدالت میں منتقل کرنےکی درخواست دی ہے، وکیل اظہر حسین کا موقف تھا کہ ہم نے آج سماعت نہ کرنے کی درخواست کی تھی، مگر عدالت نے ہماری تمام درخواستیں مسترد کردی ہیں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جب تک نوٹی فکیشن نہیں آتا مقدمات کی سماعت نہیں رکےگی۔
یہ بھی پڑھیں: اشتعال انگیزتقاریرکیس،ایم کیو ایم رہنماوں کی عدم پیشی پرعدالت برہم
سماعت کی پیروی سے انکار پر عدالت نے ملزمان، گواہان اور وکلا کے باہر جانے پرپابندی لگادی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے احاطہ عدالت کا مین گیٹ بند کرادیا گیا ہے۔
مقدمے میں نامزد فاروق ستار، عامرخان، کنور نوید، ایم پی اے رابعہ، شاہدپاشا اور دیگر ملزم احاطہ عدالت میں موجود ہیں اور عدالت نے ایس ایچ او بوٹ بیسن کو فوری طور پر طلب کرلیا اور اضافی نفری ساتھ لانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔
واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز دفتر پر حملے سمیت بغاوت اور دیگر مقدمات میں بانی ایم کیوایم اور دیگر کئی ملزم اشتہاری قراد دئیے جاچکے ہیں۔