اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا جبکہ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، دوسری جانب دریائے چناب میں بارہ ستمبرتک اونچے درجے کا سیلاب جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے تک ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،لاہور، گجرانوالہ، میرپورخاص، راولپنڈی سمیت کشمیر اوربلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر پانی کا زیادہ سےزیادہ بہاؤ آٹھ لاکھ کیوسک رہے گا، انتہائی اونچے درجے کا سیلاب بارہ ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے سرگودھا، خوشاب ،جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع میں سیلابی پانی داخل ہو سکتا ہے۔
دریائے سندھ کے مقام پر تیرہ اور چودہ ستمبر جبکہ سکھر کے مقام پر چودہ سے پندرہ ستمبر کو اونچے درجے کے سیلابی ریلہ کے گزرنے کا امکان ہے۔