کویت سٹی: کویت میں ایک خاندان نے ایک نجی اسپتال کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کردیا، اسپتال کے مردہ خانے میں 13 ماہ سے نومولود بچے کی لاش موجود تھی جو دفن نہیں کی گئی۔
مقامی ویب سائٹ کے مطابق خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا بچہ گزشتہ 13 ماہ سے اسپتال کے مردہ خانے میں ہے جس کی ابھی تک تدفین نہیں ہوئی۔
بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ہمیں اتفاقیہ طور پر معلوم ہوا کہ ہمارا بچہ ابھی تک مردہ خانے میں ہے، انتظامیہ سے رجوع کیا گیا تو انہوں نے یہ عذر پیش کیا کہ بچے کی تدفین کرنا بھول گئے۔
والد کا کہنا تھا کہ 13 ماہ پہلے میری اہلیہ کے ہاں مردہ بچے کی پیدائش ہوئی، اس وقت کرونا وبا کی وجہ سے کرفیو نافذ تھا تو اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہم مردہ بچہ آپ کو نہیں دے سکتے، تاہم ہم متعلقہ ادارے کے تعاون سے خود ہی تدفین کردیں گے۔
والد کے مطابق اب 13 ماہ گزرنے کے بعد علم ہوا کہ بچے کی ابھی تک تدفین نہیں ہوئی اور اس کی لاش اسپتال کے مردہ خانے میں ہے۔
جب اسپتال انتظامیہ سے رجوع کیا گیا تو انہوں نے ٹال مٹول کے بعد جواب دیا کہ ہم معذرت چاہتے ہیں کہ بچے کی تدفین کرنا بھول گئے۔