کراچی : کوئٹہ گلیڈی ائٹرز کے جیمز فالکنر کے پی ایس ایل 7 سے دستبردار ہونے پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بھی ردعمل دیدیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما و صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے جیمز فالکنر کی دستبرداری پر ٹوئٹ میں کہا کہ جیمز فالکنر سے گزارش ہے کہ یہیں رہیں اور کرکٹ کھیلیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میرے خیال میں آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے، ناصر شاہ نے بطور وزیر جیمز فالکنر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کیا جائے گا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کےلیے دن رات محنت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ پی سی بی کی نیت ٹھیک ہے۔
صوبائی وزیر کا اپنے ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ قومی مفاد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہے اور ہر حال میں قومی پرچم بلند رکھنے میں ساتھ دیں گے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کرکٹر نے واپس وطن روانگی کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پی سی بی نے ان کے معاہدے، معاوضے کی پاسداری نہیں کی، اسی لئے یہ تلخ فیصلہ کیا۔
آسٹریلوی کرکٹر کے الزامات پر پی سی بی کا سخت ردعمل
آسٹریلوی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ لیکن میرے ساتھ جو سلوک ہوا ہے وہ ذلت آمیز ہے، مجھے یقین ہے کہ آپ سب میری پوزیشن کو سمجھیں گے۔
آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کے الزامات کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔