کراچی : جناح اسپتال میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جناح اسپتال کے وارڈ نمبر3میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ اسپتال کے چیف سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
صدرپولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے۔
گذشتہ روز کراچی کے جناح اسپتال میں برقع پوش حملہ آور نے پیپر کٹر کے وار سے 2 ڈاکٹروں کو زخمی کر دیا تھا۔
واقعہ جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں پیش آیا ، جہاں برقع پوش حملہ آور چھری کے وار سے ایک لیڈی ڈاکٹر کو زخمی کرنا چاہتا تھا مگر قریب موجود دو ڈاکٹرز نے لیڈی ڈاکٹر کو بچالیا۔
جناح اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دونوں زخمی ڈاکٹرز کی حالت خطرے سے باہر ہے، حملہ کرنے والے شہری کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
یاد رہے گزشتہ سال بوٹ بیسن تھانے کے علاقے گلشن سکندرآباد چوکی کے قریب برقعہ پوش نامعلوم ملزم نے حملہ کر کے تیز دھار آلے کے وار سے جیکسن تھانے میں تعینات پولیس کانسٹیبل 23 سالہ سہیل خان ولد ندیم کو قتل جب کہ سٹی کورٹ تھانے میں تعینات پولیس اہلکار شبہاز کو زخمی کر دیا تھا۔