لاہور : حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے سابق صدرآصف زرداری نے چوہدری برادران کو آج عشائیہ پر مدعو کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدرآصف زرداری نے دوبارہ چوہدری برادران سے رابطہ کرلیا ، آصف علی زرداری نےچوہدری برادران کوآج عشائیہ پر مدعو کرلیا۔
آصف زرداری اور پرویز الٰہی کی آج بلاول ہاؤس لاہورمیں ملاقات ہوگی ، جس میں وفاقی وزیرمونس الٰہی،طارق بشیر چیمہ، سالک حسین شریک ہوں گے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پربات چیت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری چوہدری برداران کےاعزازمیں عشائیہ دیں گے، ق لیگ کی قیادت سےآصف زرداری کی پہلے ایک ملاقات ہوچکی ہے۔
ذرائع نے بتایا آصف علی زرداری نے حکومت مخالف عدم اعتمادکی تحریک میں تعاون مانگا تھا، مسلم لیگ ق نے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی پارٹی مشاورت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے تمام فیصلوں کا اختیار چوہدری پرویزالٰہی کو دیا تھا۔
یاد رہے رواں ماہ 7 فروری کو سابق صدر آصف زرداری نے لاہور میں چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی ، جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور پرانی یادیں تازہ کی گئیں۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مہنگائی کا مسئلہ بھی زیرغور آیا تاہم عدم اعتماد یا حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
سابق صدر زرداری نے کہا تھا کہ ہم جب اتحادی تھے تو پرویز الٰہی ڈپٹی وزیراعظم تھے اور ہم نے وہ وقت بڑا اچھا گزارا، جس پر اس پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہمیں یادہےکہ آپ کے22اورہمارے17وزیرتھے، آپ بڑےدل والےہیں۔
چوہدری شجاعت نے زرداری کو یاد دلاتے ہوئے کہا تھا کہ ایک مرتبہ میں آپ کے پاس گیا تھا تو آپ نے کہا تھا کہ بس اس سے زیادہ وزارتیں نہیں دے سکتا، اتنا اچھا تعلق تھا ہمارا۔