لاہور : مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے خبردار کیا ہے کہ سیاسی ملاقاتوں میں ہی مصروف رہے تو عوام سیاستدانوں پر اعتبارکرنا چھوڑ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کل ملک ،خاص طور پرلاہور میں سیاسی ماحول بناہواہے ، ہر جماعت کے رہنما مختلف باتیں کررہے ہیں اور رہنما اپنی جماعتوں کےموقف بیان کررہے ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان، آصف زرداری ،شہبازشریف ملاقات کےلیے آئے، ملاقاتوں میں ہر طرح کے معاملات پر بات ہوئی، 20،25سال پرانےواقعات، نواز شریف سےمتعلق بھی بات ہوئی،نوازشریف سےمتعلق بڑی تفصیل کےساتھ باتیں ہوئیں۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں بعض تجاویزبھی زیر غور آئیں ، تجاویزکا اس موقع پرذکرقبل از وقت ہو گا۔
انھوں نے خبردار کیا کہ سیاسی ملاقاتوں میں ہی مصروف رہےتوعوام سیاستدانوں پراعتبارکرناچھوڑ دیں گے، اگرمعاشی حالات درست نہ کیے توسیاستدانوں کی سیاست ختم ہوجائےگی۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہماری خدمت کرتےہیں انکےمسائل کوبھی سنناچاہیے، معاشی حالات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔