پاکستان پیپلز پارٹی کا حکومت مخالف عوامی لانگ مارچ آج مزار قائد کراچی سے شروع ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی کا حکومت مخالف عوامی لانگ مارچ آج چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مزار قائد کراچی سے شروع ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
مزار قائد سے شروع ہونیوالا عوامی لانگ مارچ چونتیس شہروں سے ہوتا ہوا دس روز میں اپنی منزل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گا۔
عوامی لانگ مارچ کے حوالے سے پیپلز سیکریٹریٹ میں میلے کا سماں ہے، مارچ کی مناسبت سے پیپلز سیکریٹریٹ میں میوزیکل شو ہوا، آتشبازی کی گئی جیالے جیے بھٹو کے نعرے لگاتے پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے۔
عوامی لانگ مارچ میں شرکت کے لیے آنیوالے کارکنوں کے لیے کھانے پینے اور رہائش کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ نیشنل ہائی وے سمیت مختلف شہروں میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔
مارچ میں جانثاران بینظیر کے کارکن سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
بلاول بھٹو لانگ مارچ کے لیے جس ٹرک پر سوار ہوں گے اس کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، اس ٹرک می پی پی کے دیگر مرکزی رہنما بھی موجود ہوں گے۔