اسلام آباد : اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے آج ریکوزیشن جمع کرائے جانے کا امکان ہے ، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر7 دن میں کارروائی کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے آج ریکوزیشن جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔
ریکوزیشن جمع کرانے کے بعد اسپیکرقومی اسمبلی 15 دن میں اجلاس بلانے کے پابندہوں گے ، دوران اجلاس تحریک عدم اعتمادپر7دن میں کارروائی کرنا ہوگی۔
اس سلسلے میں اپوزیشن نے ارکان اسمبلی کو فوری اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی۔
گذشتہ روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دو دن میں عدم اعتماد لانےکااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امپائرز نیوٹرل نظر آرہے ہیں اور نمبرز بھی پورے ہیں، کامیابی سو فیصد یقینی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ اپوزیشن نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا اگلے2 سے3دن بہت اہم ہیں، اگلے 48 گھنٹے میں بڑی خوشخبری آجائے گی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کےلیےاپوزیشن کی نو رکنی کمیٹی نے بھی گرین سگنل دیتے ہوئے لیڈرشپ کو عدم اعتماد فوری لانے کی سفارش کردی تھی۔
کمیٹی کا کہنا تھا حکومتی اتحادیوں کے بغیر بھی باآسانی کامیاب ہوجائیں گے۔