کینیڈا: مشہور یوٹیوبر جونا تھن ما نے ایک ویڈیو سے 42 سیکنڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زیادہ کما لیے۔
جوناتھن ما ایک مشہور امریکی یوٹیوبر ہیں، جو یوٹیوب پر جوما ٹیک (Joma Tech) کے نام سے ایک چینل چلا رہے ہیں، اور ان دنوں کافی سرخیوں میں ہیں۔
یوٹیوب پر کمپیوٹر پروگرامنگ، کرپٹو اور ٹیکنالوجی سے متعلق ویڈیوز بنانے والے جوناتھن ما نے اپنے چینل پر فلمساز بننے کا خواب پورا کرنے کے لیے اپنا این ایف ٹی (Nonfungible-token) کلیکشن ریلیز کیا ہے، تاکہ ان کے مداح اور سبسکرائبر این ایف ٹی کو خرید سکیں۔
آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ جوناتھن ما نے اس ماہ کے شروع میں جب اپنا کلیکشن "Vaxxed Doggos” جاری کیا، تو صرف 42 سیکنڈ میں انھوں نے 1 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کما لیے، ٹیکس کٹوتی کے بعد جوناتھن ما کو 1 کروڑ 40 لاکھ روپے ملے۔
ما نے این ایف ٹی جمع کرنے کے لیے ڈسکارڈ سرور بنایا تھا، یہ ایک ایسا سرور ہے جہاں ایک ہی سرور والے لوگ ہی اپنا NFT کلیکشن دیکھ سکتے ہیں، جس کے پاس بھی جوناتھن کا این ایف ٹی ہوگا، وہ اسے پرائیویٹ ڈسکارڈ یعنی پرائیویٹ سرور پر دیکھ سکے گا۔
یوٹیوب پر ان کے 16 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر ہیں، فُل ٹائم یو ٹیوبر بننے سے قبل وہ فیس بک اور گوگل میں سافٹ ویئر انجینئر تھے، اور ابھی ان کی واحد آرزو فلم ڈائریکٹر بننا ہے۔
واضح رہے کہ این ایف ٹی یعنی نان فنجیبل ٹوکن ڈیجیٹل اشیا ہیں، جنھیں بلاکچین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے خریدا یا فروخت کیا جا سکتا ہے۔ کرپٹو کرنسی اور این ایف ٹی کی خرید و فروخت کے لیے خصوصی پلیٹ فارمز استعمال کیے جاتے ہیں۔