راولپنڈی: پشاور دھماکے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈریو مکڈونلڈ کا بیان سامنے آگیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی کوچ اینڈریو مکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ ’ہماری ٹیم محفوظ ہاتھوں میں ہے اگر حالات تبدیل ہوتے ہیں تو ہماری سیکیورٹی ٹیم رہنمائی کرے گی۔
انڈریو مکڈونلڈ نے مزید کہا کہ ہماری ہمدردی واضح طور پر پشاور کے لوگوں کے ساتھ ہے تاہم جب سے ہم پاکستان پہنچے ہیں تب سے تمام کھلاڑی محفوظ ہیں لیکن اگر کچھ حالات تبدیل ہوتے ہیں اور تمام فیصلے ماہرین کی رائے کی بنیاد پر کریں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا بیان پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 57 افراد شہید ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم
یاد رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال کی کوششوں کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور اس نے اتنے برسوں تک سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہی پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔
کینگروز نے 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے، سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے۔