کوریا کے سفارتخانے نے وزارت خارجہ اور آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا ہے جس میں وفاقی پولیس پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔
کوریا کے سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ اور آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا گیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شالیمار کی پولیس 7 مارچ کو کورین سفارتخانے کے عقبی دروازے سے داخل ہوئی اور سفارتخانے کے اہلکاروں کو ہراساں کیا۔
کورین سفارتخانے کی جانب سے لکھے گئے خط میں وفاقی پولیس کی جانب سے سفارت خانے میں زبردستی گھسنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پولیس کا یہ اقدام ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، پولیس نہ صرف سفارتخانے میں داخل ہوئی بلکہ سفارتخانے کے اہلکاروں کو ہراساں کیا اور اندرونی دروازوں کو توڑ دیا۔
کورین سفارتخانے کی جانب سے حکومت پاکستان سے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 1961 کا سفارتی تعلقات پر ویانا کنونشن ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جو آزاد ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کیلیے ایک فریم ورک کا کام کرتا ہے۔
اس میں سفارتی مشن کے استحقاق کی وضاحت کی گئی ہے جو میزبان ملک کے ذریعے زبردستی یا ہراساں کیے جانے کے خوف کے بغیر سفارتکاروں کو اپنا کام انجام دینے کے اہل بناتے ہیں۔ یہ سفارتی استثنیٰ کی قانونی بنیاد تشکیل دیتا ہے اور اس کے مضامین کو جدید بین الاقوامی تعلقات کا سنگ بنیاد سمجھا جاتا ہے۔
فروری 2017 تک دنیا کے 191 ممالک ویانا کنونشن کی توثیق کرچکے ہیں۔