لاہور کے چڑیا گھر میں درخت اچانک خاتون پر آگرا جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آزاد کشمیر سے لاہور گھومنے آئے اہلخانہ پر آفت ٹوٹ پڑی، چڑیا گھر میں خاتون درخت گرنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ ان کا شوہر زخمی ہوگیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت ثوبیہ کے نام سے ہوئی ہے، اہلخانہ کا تعلق آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خاتون اور ان کے اہلخانہ سیرو تفریح کے بعد تھک کر درخت کے نیچے آرام کرنے بیٹھے تھے کہ درخت کی شاخ ٹوٹ کر گر گئی۔
حادثے کے وقت خاتون کی گود میں تین سالہ بچی موجود تھی جو معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔
خاتون کے سسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے کوئی تعاون نہیں کیا، گھومنے کے لیے آئے تھے اور میت ساتھ لے کر جارہے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کے شوہر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہیں۔