اسلام آباد: فواد چوہدری نے شہباز شریف کے خلاف آرٹیکل 63 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کے خلاف آرٹیکل 63 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، انھوں نے آئین سے ماورا نظام لانے کی بات کی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا شہباز شریف کا بیان اپوزیشن لیڈر کے حلف کی خلاف ورزی ہے، اسپیکر اسمبلی کو شہباز شریف کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے سپریم کورٹ سے بھی اپیل کی کہ شہباز شریف کے بیان کا نوٹس لیا جائے، اور سپریم کورٹ شہباز شریف کو طلب کر کے باز پرس کرے۔
تاہم انھوں نے سپریم کورٹ اور اسپیکر اسمبلی سے ایکشن کے مطالبوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ شہباز شریف شیخ چلی کے خواب دیکھ رہے ہیں، اور کسی کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔
‘تحریک عدم اعتماد میں پیسوں کا عمل دخل ہے تو مجرم ہوں’
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مائنس پی ٹی آئی قومی حکومت کی تجویز دی ہے، انھوںنے کہا پی ٹی آئی کے بغیر پانچ سال کے لیے قومی حکومت بنائی جائے۔
فواد چوہدری نے کہا اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، فضل الرحمان کو صدر لگا کر عوام نے شرمندہ نہیں ہونا اور شہباز شریف کا اس جنم میں وزیر اعظم بننا مشکل ہے۔
انھوں نے کہا سارے جوکر ایک جگہ جمع ہوگئے ہیں، اپوزیشن کو نہیں پتا کہ ملک کا نظام کیسے چلتا ہے، عدم اعتماد میں حال دیکھیں، فضل الرحمان اسمبلی ممبر بھی نہیں، اپوزیشن بالکل مایوس ہو چکی ہے، اور اب بونگیاں مار رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا اپوزیشن خود کہتی تھی کہ لوگوں میں نکل کر دیکھیں، جب لوگوں میں نکلے ہیں تو اب انھیں تکلیف ہو رہی ہے، عمران خان سے واسطہ پڑا ہے ن لیگ کی گھبراہٹ لازمی ہے۔