ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

‘میں پلس ون کیساتھ ہوں اور وہ ہے عمران خان’

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ او آئی سی ناکام بنانے کی کوشش کرنیوالےپر3بار لعنت بھیجتاہوں،کانفرنس میں مداخلت کرنیوالے کی چیخیں آسمان تک سنائی دیں گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے ایک بار پھر اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی میں چھ سو مہمان آرہے ہیں، تمام سفیروں کی کال آئی کہ ہمارے وزیر خارجہ آرہے ہیں میں نے کہا کہ مطمئن رہیں، میں نمبر ون سے دوستی اور نمبر ون سے دشمنی کرتا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ او آئی سی کو ناکام کرنے والے سامراجی ایجنٹ ہے، میں او آئی سی کو ناکام بنانے والوں پر تین دفعہ لعنت بھیجتا ہوں، یہ لوگ اپنی شکل دیکھیں، کسی کا باپ بھی کانفرنس نہیں روک سکتا، اگر کسی میں ہمت ہے تو مداخلت کرکے دکھائے، مداخلت کرنے والوں کی چیخیں آسمان تک جائیں گی،بلاول بھٹو نے غیر ذمے دارانہ بیان دیا، کوئی سوچ سکتا ہےکہ ذمہ داربندہ ایسا بیان دےگا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے 8 مارچ کو عدم اعتماد پیش کی گئی تھی، لیکن پھر اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی کہ اسمبلی ہال وزارت خارجہ کے پاس ہوگا، 254 آرٹیکل میں لکھا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تحریک عدم اعتماد کو ختم نہیں کرسکتا لیکن حالات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کو آگے لے جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عدم اعتماد میں ووٹنگ کے لئے کسی شخص کیلئے ووٹ ڈالنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، اصلی اور نسلی اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور میرا دل گواہی دے رہا ہے کہ اتحادی آصف زرداری کے کہنے میں نہیں آئیں گے وہ بھی عمران خان کا ساتھ دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست گرم ہے اور ساری سیاست ٹی وی پر ہو رہی ہے، گراؤنڈ کی سیاست 27 مارچ سے شروع ہوگی، اور 5 تاریخ کو سیاست بدلے گی، میں نے 4 مہینے پہلے کہا تھا کہ اپوزیشن والے 23 مارچ کو اسلام آباد نہیں آئیں گے، عمران خان 27 مارچ کو جلسہ کر رہے ہیں وہ تاریخ واپس نہیں کررہے، اپوزیشن نے بھی مارچ کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 تاریخ کے جلسے کے لیے ڈی سی کو دونوں پارٹیوں سے درخواستیں لینے اور الگ راستوں کا کہا ہے، اپوزیشن بھی جگہ دیکھ لے اور راستوں کا انتخاب کرے، جلسہ گاہ تک پہنچنے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، لیکن اگر تصادم ہوا تو اپوزیشن ذمہ دار ہوگی اور اگر کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا تو لیڈروں کو نہیں چھوڑوں گا۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ نہ میں مائنس ون کو مانتا ہوں نہ جانتا ہوں، میں پلس ون کیساتھ ہوں اور وہ ہے عمران خان،عمران خان مائنس ہے تو پیچھے کوئی نہیں صرف اندھیرا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں