پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور نامور وکیل اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ووٹ دینے سے قبل کوئی رکن نااہل نہیں ہوسکتا ہے۔
پی پی رہنما اعتزاز احسن نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہورہا ہے سب کے سامنے ہے اور جو کچھ نہیں ہو رہا وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ راجا ریاض کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس 24 بندے ہیں وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ن لیگ کےپاس اتنی ٹکٹس نہیں جتنے بندے ہیں، یہ تو سودے بازی ہورہی ہے آپ پیسے پربکو یا ٹکٹ پر ہے تو یہ سراسر یہ سودے بازی ہی۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ دینے سے قبل کسی صورت کوئی رکن نااہل نہیں ہوسکتا، ووٹ دینے کے بعد اس حوالے سے الیکشن کمیشن ریفرنس پر فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے منحرف ارکان کو خبردار کیا تھا کہ پارٹی چھوڑنے والے اراکین کیخلاف کارروائی ہوگی اور نااہلی بھی تاحیات ہوگی۔
مزید پڑھیں: پارٹی چھوڑنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی اور نااہلی بھی تاحیات ہوگی، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے منحرف ارکین کے حوالے سے کہا تھا کہ ایک پارٹی چھوڑنے اور دوسری میں جانے کیلئے قانون موجود ہے، اسپیکر کو پارٹی سربراہ کے خط کے بعد رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نےغریب کے پیسے لوگوں کے ضمیر خریدنے کیلئے بھیجے، سندھ میں پینے کا پانی نہیں، صحت نظام کا برا حال ہے، سندھ کے حکمران خرید و فروخت میں لگے ہوئے ہیں۔