لاہور: تحریک عدم اعتماد پر کس کا ساتھ دیا جائے؟ جہانگیر ترین گروپ کا کل حتمی فیصلہ کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر ترین گروپ کے رہنماؤں نے بیرون ملک موجود جہانگیر ترین سے رابطہ کیا اور سیاسی صورتحال پر جہانگیر ترین کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق رابطے کے بعد جہانگیر ترین گروپ نے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع ترین گروپ کا کہنا ہے اجلاس آج یا کل بلایا جائے گا، جہانگیر ترین کی گروپ کے تمام ارکان کو متحد اور آپس میں رابطہ مضبوط رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عون چوہدری نے جہانگیر ترین کو حکومتی شخصیات سے رابطوں اور ملاقاتوں سے آگاہ کیا تھا، جس پر جہانگیر ترین نے ہدایت کی کہ گروپ متحد رہے اور مشاورت سے فیصلے کرے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے جہانگیر ترین گروپ کو منانے کی کوششیں مزید تیز کردیں
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر تعلیم مراد راس نے ترین گروپ کو پیشکش کی تھی کہ آئیں بیٹھ کر غلط فہمیاں دور کرتے ہیں، ہم آپ کے گلے شکوے دور کرنے کو تیار ہیں۔
یاد رہے کہ جہانگیر ترین گروپ کا شروع دن سے مطالبہ رہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کیا جائے، اس اہم ترین نکتے پر اپوزیشن کی جانب سے جہانگیر ترین سے بارہا رابطہ کیا گیا اور ان کے موقف کی حمایت کی گئی تھی۔
دوسری جانب پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے، تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے، قرارداد میں وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔