امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ انٹرویو میں موجودہ صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے۔
ایک امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے مطالبہ کیا کہ ہنٹر بائیڈن کی روس کی حکومتی شخصیات سے ڈیل کی خفیہ معلومات ان کے حوالے کریں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہنٹر بائیڈن نے روسی دارالحکومت ماسکو کے میئر کی اہلیہ سے 35 لاکھ ڈالرز لیے تھے، مذکورہ خاتون نے ان باپ بیٹے کو پیسے کیوں دیے؟ ان دونوں کے پاس بہت دولت ہے۔
سابق امریکی صدر نے کہا کہ ماسکو کے میئر کی اہلیہ نے جو پیسے ہنٹر بائیڈن کو دیے، میرا خیال ہے ولادیمیر پیوٹن اس بارے میں جانتے ہوں گے، انہیں اس متعلق اب بتایا چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے الزامات کے بعد ہنٹر بائیڈن کے وکیل نے ردعمل میں کہا کہ ہنٹر بائیڈن کا کسی روسی کمپنی سے کوئی تعلق نہیں، یہ دعویٰ جھوٹا ہے کہ ہنٹر نے کسی خاتون سے اتنی بڑی رقم لی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر وہی الزامات دہرانا شروع کر دیے ہیں جو وہ سال 2020 کی صدارتی مہم کے دوران اپنے سیاسی حریفوں پر عائد کرتے تھے۔
سابق امریکی صدر نے روسی صدر سے یہ مطالبہ ایسے وقت پر کیا ہے جب تقریباً ایک ماہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے۔