ہالی ووڈ اداکار بروس ویلیس کے بعد کامیڈی کردار نبھانے والے مشہور اداکار جم کیری نے بھی شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ کامیڈی اداکار جم کیری نے رواں سال آنے والی فلم ’سونک دی ہیج ہاگ 2‘ کے بعد اداکاری سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اداکار نے ریٹائرمنٹ سے متعلق کہا کہ میرے پاس بہت کچھ ہے، کافی کچھ کر لیا۔
میں فلم نگری کی جگمگ سے دور پرسکون زندگی گزارنا چاہتا ہوں، کینوس پر پینٹ مجھے پسند ہے، میں اپنی روحانی زندگی سے محبت کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ معروف اداکار جم کیری نے 1990ء کی دہائی کے ابتدا میں کامیڈی ٹی وی سیریز ’ان لیونگ کلر‘ سے شہرت پائی تھی، جس کے بعد کچھ کامیڈی فلموں جیسے دی ماسک، دمب اینڈ ڈمبر، جھوٹا جھوٹا، بروس آلمائٹی اور کرسمس کیرول میں فن کے جوہر دکھائے۔
مزاحیہ اداکاری سے جم کیری نے باکس آفس پر کامیابیاں سمیٹیں اور کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔