تازہ ترین

لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں کا راج

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں کا راج ہوگیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں ریکارڈ 363 وارداتیں ہوئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے دل شہر لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں کا راج ہوگیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 363 وارداتیں ہوئی ہیں، یعنی ہر چار منٹ بعد واردات ہوئی ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف چوری کی 252 وارداتیں ہوئی ہیں جب کہ 4 دکانوں، ایک گھر، سڑک پر 34 افراد کو لوٹا گیا ہے۔

گزشتہ ایک روز کے دوران ہی شہر لاہور میں ایک گاڑی چھینی گئی جب کہ 2 گاڑیاں اور 69 موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔

پولیس ان وارداتوں کے کتنے ملزمان کو پکڑ سکی اس حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں مل سکی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی محکمہ پولیس نے لاہور میں سال کے ابتدائی دو ماہ کے جرائم کا ریکارڈ جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

پولیس کے جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی دو ماہ 10 دن کے دوران شہر میں 36 ہزار 993 وارداتوں کے مقدمات درج کیے گئے۔

اسی مدت کے دوران 63 افراد کو قتل بھی کیا گیا۔

Comments

- Advertisement -