بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر معافی مانگ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اکشے کمار، شاہ رخ خان اور اجے دیوگن ایک بھارتی گٹکا برانڈ کے اشتہار میں نظر آئے، بہت سے لوگوں نے نشاندہی کی کہ اشتہار میں اداکار تمباکو کی مصنوعات کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس اشتہار کو دیکھنے کے بعد بھارتی ٹوئٹر صارفین نے صرف اکشے کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا کیونکہ وہ اکثر فٹنس کے حوالے سے گفتگو کرتے نظر آتے ہیں تاہم اب اکشے کمار نے بھارتی ٹوئٹر صارفین سے معافی مانگ لی ہے۔
اکشے کمار نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے افسوس ہے، میں آپ سے، اپنے تمام مداحوں اور خیر خواہوں سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، پچھلے کچھ دنوں میں آپ کے ردعمل نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔
کھلاڑی کمار نے کہا کہ اگرچہ میں تمباکو کی حمایت نہیں کرتا اور نہ کروں گا لیکن میں آپ کے جذبات کا احترام کرتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ میں پوری عاجزی کے ساتھ، اس برانڈ کے ساتھ کام کرنے سے پیچھے ہٹتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ برانڈ اس معاہدے کی قانونی مدت تک اشتہارات نشر کرنا جاری رکھ سکتا ہے جو مجھ پر پابند ہے لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ اپنے مستقبل کے انتخاب میں انتہائی ہوشیار رہوں گا۔
اکشے کمار نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ آپ کی محبت اور خواہشات کے لیے دعاگو رہوں گا۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹوئٹر صارفین نے اکشے کمار کی وہ پرانا ویڈیو کلپ شیئر کیا تھا جس میں اداکار نے کہا تھا کہ انہیں اس طرح کے کئی اشتہارات کی پیشکش کی گئی ہے لیکن وہ کبھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کریں گے کیونکہ وہ صحت مند بھارت چاہتے ہیں۔