لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہم کسی صورت غلامی قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
مینارِ پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اسی میدان میں کھڑے ہو کر مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا اعلان کیا تھا، لوگوں نے کہا کہ قائد اعظم اور ان کے ساتھی خواب دیکھتے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے جدوجہد کی اور خواب کو حقیقت میں بدلا، صرف 7 سال لگے، دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت وجود میں آئی، ایک سچا دلیر لیڈر تھا، ایک قوم تھی جو اس لیڈر کے پیچھے متحد تھی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج مجھے عمران خان کی شکل میں لیڈر نظر آ رہا ہے، آج وہ لیڈر ہے جو نہ جھکتا ہے اور غلامی قبول کرنے کے لیے تیار نہیں، ہم کسی صورت غلامی قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا کان کھول کر سن لے، دھمکی دینے والے بھی سن لیں، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے، پاکستان نے حقیقی طور پر ایک آزاد ملک بن کر رہنا ہے۔