ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

مریم اورنگزیب کے عمران خان پر منی لانڈرنگ اور تحائف بیچنے کے الزامات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی اور بطور وزیراعظم جو تحفے ملے دکانوں پر جاکر بیچتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ڈھٹائی،جھوٹ ،منافقت ختم ہی نہیں ہورہی، عمران خان کی تقاریر پچھلے4 سال سے تبدیل نہیں ہوئیں، آج خودداری کا نعرہ لگانیوالوں نے ہی کشمیر کا سودہ کیا۔

مریم اورنگزیب نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا گزشتہ دورحکومت میں مہنگائی کا طوفان برپارہا، عمران خان نے فارن فنڈنگ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا دعویداروں نے عوام کو قطاروں میں کھڑا کیا، معاشی دہشت گردی کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہیں، آپ نے پارلیمان اور آئین پرحملہ کیا، یہ عدم اعتماد پاکستان کےعوام نے کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کہتے ہیں غلطی کو ٹھیک کریں ،غلطی آپ نے آئین پر حملہ کرکے کی، بیرون ملک سازش کی بات کرتے ہیں آپ کوشرم آنی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا آپ کو بطور وزیراعظم جو تحفے ملے وہ آپ دکانوں پر جاکر بیچتے رہے ، آپ وزیراعظم کی کرسی پر تھے یا کاروبار کی کرسی تھی، 58 تحفے آپ نے لئے اور گھڑیاں دکانوں پر جاکر بیچی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 58 تحفے جو آپ نے توشہ خانہ سے خریدے وہ پیسہ کہاں سےآیا، ایک ارب کا ہیلی کاپٹر اڑایا اب کہتے ہیں غلطی کو ٹھیک کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اب جو الیکشن ہوگا اس میں آرٹی ایس بیٹھنے کی غلطی نہیں ہوگی، اب الیکشن میں ڈسکہ جیسی دھند نہیں چھائے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آپ کو آپ کے اعمال نے اقتدار سے نکالا ہے، آپ نے فنانس کی سمریز کو بائی پاس کرکے غیر قانونی احکامات دیئے، عمران خان کو غلطی نہیں بلکہ جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو آر ٹی ایس کے سوا جس نے بھی ووٹ دیا وہ آئندہ نہیں دیں گے، عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے، صبح کچھ اور شام کو کچھ بات کرتاہے۔

انھوں نے بتایا کہ عوام کو ریلیف دینےکیلئےمعاشی دہشت گردی سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے دیں گے ، جس شخص کو نماز کیلئے جیل میں کرسی نہ دی وہ کل آپ کی سیکیورٹی کےاحکامات دیتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہزاداکبر کو رکھااس لئے گیا کہ جاؤ دیکھو شہبازشریف کیا کھارہاہے کہاں بیٹھ رہاہے ، اب کابینہ میں دائیں بائیں کارٹیلز کو نہیں بٹھایا جائے گا، غلطی تو ٹھیک ہوچکی ہے اب عوام اپنے لئے فیصلہ کریں گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو منظم تحریک آپ نے شروع کی اس کا نوٹس لے لیا گیا ہے، اب پاکستانی ووٹ اس کو دیں گے جو عوام کو ترقی دےگا، آپ نے ہر شعبے اور ہر چیز میں ڈاکہ ڈالا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں