واشنگٹن: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے فیول سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سیکریٹری خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر بھی شامل تھے۔
میٹنگ کے بعد وفاقی وزیر خزانہ نے فیول سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے، مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی میٹنگ میں سبسڈی ختم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔
Washington: Federal Minister for Finance and Revenue Mr. Miftah Ismail held a meeting with Executive Directors of IMF. Minister of State Dr Ayesha Ghous Pasha, Secretary Finance and Governor SBP also present in the meeting.@MiftahIsmail pic.twitter.com/DtE1NEcgkl
— PTV News (@PTVNewsOfficial) April 22, 2022
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام ڈی ریل ہوچکا تھا جسے ٹریک پر واپس لائیں گے۔
بعد ازاں وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کیا، انہوں نے پاکستان میں نئی حکومت کے اقتصادی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالیاتی استحکام لانا اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا ہے، حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے مرحلہ وار اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ فن ٹیک اور ڈیجیٹل معیشت کو مزید سہولت فراہم کی جائے گی، پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی شراکت داری ہے۔