اشتہار

سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کوٹے کی تفصیلات جاری کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں برس تمام ممالک کے لیے حج کوٹے کی تفصیلات جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت اس سال ساڑھے 8 لاکھ عازمین حج پر آئیں گے جو کل تعداد کا 85 فی صد ہیں۔

اس سال اندرون و بیرون مملکت سے عازمین کی تعداد 10 لاکھ مقرر کی گئی ہے، رواں برس پاکستان سے 81 ہزار 132 عازمین حج کے لیے آئیں گے۔

- Advertisement -

وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران جس ملک کے لیے جتنا حج کوٹہ مقرر تھا، رواں برس اس کا 45.2 فی صد حصہ مختص کیا گیا ہے، اس اصول کے مطابق سب سے زیادہ ایک لاکھ 51 ہزار عازمین حج انڈونیشیا سے آئیں گے، انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ عازمین پاکستان سے آئیں گے۔

سب سے کم عازمین انگولا سے آئیں گے ان کی کل تعداد 23 ہوگی، عرب ممالک میں سب سے زیادہ حج پر آنے والے مصر سے ہوں گے جن کی تعداد 35 ہزار 375 ہوگی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 58 ہزار 745 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا، کرونا کی وبا سے قبل اکثر حجاج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر جاتی تھی، یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے گزشتہ 2 برسوں میں حج کے موقع پر عازمین کی تعداد بہت کم تھی۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے، اور تمام عازمین کو مملکت روانگی سے 72 گھنٹے قبل کرونا کی نیگٹیو پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنی ہوگی، عازمین کے پاس سعودی وزارت صحت سے منظور شدہ ویکسین سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں