اشتہار

سیاسی رہنماؤں کی آواز میں دھوکا دے کر رقم بٹورنے والا ملزم گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایف آئی اے سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں کی آوازیں نکال کر جعلسازی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے شعبہ سائبر کرائم سندھ نے آپریشن سائبر اسٹروم کرتے ہوئے تاجروں کو اہم شخصیات کی آواز میں دھوکا دینے والا ملزم گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے سندھ کے سربراہ عمران ریاض کا کہنا ہے کہ ملزم شاہنواز، سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور رکن صوبائی اسمبلی ندیم صدیقی کی آواز کی نقل کرتا تھا۔ جعلی آواز نکال کر وہ متعدد تاجروں کو دھوکا دے چکا ہے۔

- Advertisement -

ایف آئی اے کے مطابق ملزم سیاسی رہنماؤں کی آواز کلون کرنے کے لیے سافٹ ویئر کا استعمال کرتا تھا اور سیاسی رہنماؤں کے نام کا استعمال کر کے جعلی آرڈر دیتا تھا۔ وینڈر کو ادائیگی کے لیے نجی بینک کی جعلی سلپس استعمال کی جارہی تھیں۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے متعدد تاجروں سے 5 سے 10 لاکھ روپے تک کی رقم بٹوری، جعلسازی میں غیر قانونی کیش اکاؤنٹس اور سمز کا استعمال کیا گیا۔

ملزم کو حیدر آباد سے گرفتار کیا گیا، چھاپے کے دوران موبائل فون اور سم کارڈ سمیت دیگر مواد برآمد ہوا جسے فارنزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں