سنہ 1980 کا میز ایکشن ویڈیو گیم پیک مین ہر اگلے مرحلے میں مشکل ہوتا جاتا ہے، لیکن ایک امریکی شخص نے اس کے تمام راؤنڈز عبور کرلیے اور وہ ایسا کرنے والا گیارہواں شخص بن گیا۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پیک مین، ویڈیو گیم کی دنیا کا مقبول ترین گیم بھی ہے لیکن اس کا خاص سافٹ ویئر کچھ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ گیم ہر اگلے مرحلے پر مشکل سے مشکل تر ہوتا چلاجاتا ہے۔
اب تک دس افراد ہی اس پر موزوں ترین اسکور کر کے سارے راؤنڈ عبور کر چکے تھے لیکن اب ایک اور امریکی نے یہ اعزاز حاصل کر کے اس فہرست میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔
امریکی ریاست پینسلوانیا کے جیک گولڈ برگ نے کلاسیکل آرکیڈ گیم پر اپنی مہارت کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔
اس میں انہوں ںے 4 گھنٹے اور گیارہ منٹ میں تمام 256 راؤنڈ مکمل کیے ہیں اور 33 لاکھ 33 ہزار 360 اسکور بنایا ہے جو اس گیم پر سب سے زیادہ ممکن اسکور کا ایک ریکارڈ بھی ہے۔
ویڈیو گیم کے آرکیڈ ورژن پر ریکارڈ رکھنے والی ایک کمپنی ٹوئن گیکسیز نے اس کی تصدیق بھی کی ہے۔
کمپنی نے جیک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کے گیارہویں شخص ہیں جنہوں نے سنہ 1980 کے مشہور آرکیڈ گیم میں آخری حد تک جا کر سب سے زیادہ اسکور کیا ہے اور اس کے سینکڑوں درجے پار کیے ہیں۔
جیک گولڈ برگ نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت پرامید ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ مشہور آرکیڈ گیم گیلگا میں آخری حد تک جا کر ایک اور ریکارڈ بنانا چاہتے ہیں اور یہ اعزاز دنیا میں اب تک صرف 16 گیمرز کو ہی حاصل ہوسکا ہے۔