ماسکو: روسی پارلیمنٹ ریاستی دوما کے اسپیکر ویاچسلاو ولوڈن کا کہنا ہے کہ یوکرین ایک دہشت گرد ریاست میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس نے اپنی آزادی کھو دی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی پارلیمنٹ ریاستی دوما کے اسپیکر ویاچسلاو ولوڈن نے کہا ہے کہ یوکرین کو اب ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیئے کیونکہ کیف نے روسی صحافیوں کو قتل کرنے کی سازش شروع کر دی ہے۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ صدر ولادی میر زیلنسکی کا احتساب ہونا چاہیئے۔
روسی سیاست دان نے اسے نو نازی نظریے کی حمایت کے نتیجے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ہی لوگوں کے خلاف جنگ چھیڑنے کے بعد، کیف اب دوسرے ممالک کے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کو ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیئے اور زیلنسکی کو ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیئے۔
روسی اسپیکر نے زور دے کر کہا کہ روسی صحافیوں کو قتل کرنے کی سازش کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیئے، یوکرین ایک دہشت گرد ریاست میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس نے اپنی آزادی کھو دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یقیناً عالمی برادری مداخلت کرنے کی پابند ہے، یوکرین کو سب سے پہلے ہتھیاروں کی فراہمی کو روکنا اور وہاں گولہ بارود کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ناکام دہشت گردی کی سازش کی ذمہ داری پوری طرح سے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی پر عائد ہوتی ہے۔