لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) نے حمزہ شہباز کی حلف برادری سے متعلق فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی،ق لیگ نے لاہور ہائیکورٹ کافیصلہ چیلنج کرنےکا اعلان کردیا ہے اور حمزہ شہباز کی حلف برادری کی درخواست پر فیصلےکیخلاف اپیل تیار کرلی ہے۔
معروف وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اپیل آج ہی دائر کی جائے گی، کیونکہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کیخلاف ہے، حلف کی معیاد مقرر کرنا صدر اور گورنر کی عہدے کی توہین ہے۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ آرٹیکل 248 صدر اور گورنر کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، لاہور ہائیکورٹ کےپاس گورنر اور صدر کیخلاف کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر اور گورنر ہوش کے ناخن لیں، حمزہ شہباز
واضح رہے کہ گذشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز حلف برداری کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا تھا کہ گورنر پنجاب کل تک حلف برداری لازمی کرائیں۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ آئین فوری طور پر وفاقی یا صوبائی حکومت بنانے کی تجویز دیتا ہے، موجودہ صورتحال کے مطابق صدر یا گورنر فوری حلف لینے کے آئینی طور پر پابند ہیں، گورنر یا صدر وزیر اعلیٰ یا وزیراعظم سے حلف لینے میں تاخیرکرنے کے مجاز نہیں اور آئین میں ایسی تاخیر پیدا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں دی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پنجاب گزشتہ پچیس روز سے بغیر حکومت کے چل رہا ہے لہذا عدالت گورنر پنجاب کو نئے وزیر سے حلف لینے کا پراسس مکمل کرنے کی تجویز دیتی ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ اس وقت عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمےداری نبھارہے ہیں، گورنر پنجاب پابند ہیں کہ وہ قانون کے مطابق حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ حلف لیں۔