لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان جیسے نالائق اور نااہل شخص سے پاکستان کی جان چھوٹ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی وہ دیکھ لیں ان کو لندن میں عزت ملی اور کوئی وزیراعظم کے دفتر میں بیٹھا ہوا بھی رسوا ہوگیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ابھی تو نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر تمہاری حکومت ختم کی ہے، اللہ کے فضل سے آگے دیکھنا نواز شریف تمہاری سیاست بھی دفن کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ جھوٹ بولتے آئے ہیں ان کا نام تو جھوٹوں کا بادشاہ ہونا چاہیے، جھوٹ بول بول کر پاکستانی عوام کے ناک میں دم کیا ہوا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 50 لاکھ گھر دینے کا کہا تھا ایک ہی گھر مکمل ہوا ہے وہ عمران خان کا زمان پارک کا اپنا گھر تھا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی سے میرا سر شرم سے جھک گیا کیا اپنے گھر میں بھی ماں باپ سے یہ سلوک کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معصوم سا منہ بنا کر کہتے ہیں 12 بجے عدالتیں کیوں کھلیں، کان کھول کر سن لو تم نے پاکستان کے آئین پر خودکش حملہ کیا تھا اور تمہارے ذاتی ملازم صدر، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، گورنر نے حلف سے غداری کی اس لیے عدالتیں رات 12 بجے کھلیں۔