ریاض : سعودی عرب نے جامعہ کراچی میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی حمایت کااعادہ کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے جامعہ کراچی میں دھماکے کی مذمت کی گئی ، سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بیان میں جامعہ کراچی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں ، دہشت گردی کے واقعات تمام مذاہب کے اصولوں اورانسانی اقدار کے برعکس ہیں۔
سعودی عرب وزارت خارجہ نے حملے کے متاثرین، ان کے خاندانوں اور حکومت پاکستان کیساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
یاد رہے جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکے کے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں تین چینی اساتذہ سمیت چارافراد جان بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔
ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق دھماکے میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ہوانگ گیوپنگ سمیت خواتین اساتذہ ڈنگ میوپنگ اور چن سا ہلاک ہوئی جب کہ ایک پاکستانی ڈرائیور خالد بھی مرنے والوں میں شامل تھا۔