اسلام آباد: ملک سے باہر جانے پر پابندی ہٹتے ہی آصف زرداری دبئی پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ شب دبئی پہنچ گئے، آصف زرداری ای سی ایل سے نام ہٹائے جانے کے بعد اسلام آباد سے نجی طیارے کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔
پی پی کے شریک چیئرمین نے دبئی میں بیٹی بختاور بھٹو سے ملاقات کی، اور نواسے میر حاکم چوہدری کو دیکھا۔ یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے دسمبر 2018 میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے تھے۔
ادھر سندھ ہائی کورٹ میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل 2 سو سے زائد افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
شہباز شریف سمیت 200 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن چیلنج
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ جن کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے ان پر سنگین مقدمات میں ہیں، وہ قومی خزانہ لوٹ کر پیسہ ملک سے باہر لے گئے، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، مفتاح اسماعیل سمیت بیشتر کے نام عدالتی حکم پر ای سی ایل میں شامل کیے گئے تھے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالت نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا، عدالت کی اجازت کے بغیر کسی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا سکتا۔
خیال رہے کہ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 28 سے 30 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔