جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق تحریک انصاف کی درخواستیں مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی اور علی حیدرگیلانی کےخلاف کرپٹ پریکٹس کے تحت شکایت درج کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی اور ایم پی اےعلی حیدرگیلانی نا اہلی کے لئے دائر پی ٹی آئی کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی یوسف رضا گیلانی اورایم پی اے علی حیدر گیلانی کی نااہلی کی درخواستں خارج کر دیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کیخلاف براہ راست کوئی شواہد نہیں ملے اور اس کیس بارے حقائق ٹھیک پیش نہیں کیے گئے۔

فیصلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو علی حیدر گیلانی ، کیپٹن ریٹائرڈ جمیل اور فہیم خان کیخلاف کرپٹ پریکٹس کے تحت شکایت درج کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

یوسف رضا گیلانی کے وکیل جاوید اقبال نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے چند ایم این ایز نے ہمارے خلاف جھوٹا کیس بنایا تھا، الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف درخواستوں کوخارج کر دیا۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف کوئی شواہد نہیں پیش کیے گئے، سماعتوں میں 12 دفعہ التوا کی درخواستیں دائر کی جاتی رہیں، خود التوا کی درخواست کرکے بولتے رہے الیکشن کمیشن تاخیر کر رہا ہے، ہماری طرف سےصرف2 بار التوا مانگا گیا ، ایک سال ہمارے خلاف بدنیتی کا کیس چلتا رہا ہے، آج حق کی جیت ہوئی ہے۔

خیال رہے رضا گیلانی اور ایم پی اے علی حیدر گیلانی نااہلی کیس کے لئے پی ٹی آئی کے فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور عالیہ حمزہ نے درخواستیں دائر کی تھیں ۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اس کیس کی 20 سماعتیں ہوئی اور 12 بار کیس ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی جبکہ اس کیس کا فیصلہ ایک مہینہ بھی محفوظ نہیں رہا۔

اہم ترین

مزید خبریں