راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید سے رابطے میں بل گیٹس نے قومی پولیو مہم کے دوران بھرپور تعاون اورکوریج یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں صحت عامہ بالخصوص پولیو کے خاتمےاورکوروناپرکنٹرول سےمتعلق امور پر گفتگو ہوئی اور پاکستان میں تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق بل گیٹس نے قومی پولیو مہم کے دوران بھرپور تعاون اورکوریج یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے کہا پولیوسے پاک پاکستان ایک قومی مقصداورقومی کوشش ہے، جس پر بل گیٹس نے محدود وسائل کے باوجود کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابی کی تعریف کی۔
جنرل قمرجاوید باجوہ نے کامیابی کا سہرا ایک حقیقی قومی ردعمل کو قرار دیتے ہوئے کہا قومی ردعمل این سی اوسی کے تحت وسائل کے بہترین استعمال سےممکن ہوا۔
آرمی چیف نے نیک مقاصد کیلئے کوششیں اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔