کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اس بار عید کے موقع پر مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان نہیں کیا، ماضی میں عید کے موقع پرہر سال 25فیصد کرایوں میں کمی کا اعلان کرتی تھی۔
تفصیلات کے مطابق نئی حکومت آنے کے بعد پی آئی اے نے عید کے موقع پر مسافروں کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا، اس بارپی آئی اے کی جانب سے عید کے موقع پر مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی نہیں کی گئی۔
اندرون ملک جانیوالی پرواز پر اضافی کرائے وصول کئے جارہے ہیں ، اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے فیول پر 70ڈالر کی بجٹنگ کی ہوئی تھی لیکن فیول120ڈالر جا پہنچا ہے، اس سال پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی نہیں کی۔
ایدھن کی قیمتوں کی وجہ سے پی آئی اے نے اپنی پروازوں کے شیڈول میں بھی کمی کی ہوئی ہے ۔
دوسری جانب نجی ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کیلئے 17 سے 20 فیصد کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔
نجی ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی کا مقصد مسافروں کو عید پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔
خیال رہے ماضی میں پی آئی اے عید کے موقع پر ہر سال 25 فیصد کرایوں میں کمی کا اعلان کرتی تھی۔