سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور حکومت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر چاند رات پر کراچی، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور حکومت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔ شرکا نے پاکستان اور تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں۔
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور عوام کلفٹن دو تلوار پر جمع ہونا شروع ہوگئے، جہاں سے شرکا ریلی کی شکل میں تین تلوار تک جائیں گے، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ریلی میں شرکت کیلئے کلفٹن دو تلوار پہنچ گئے۔
لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنان لبرٹی چوک پر جمع ہیں، عوام کی جانب سے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے جارہے ہیں، شرکا نے پاکستان اورپی ٹی آئی کے پرچم اٹھا رکھے ہیں، احتجاج میں شرکت کیلئے شفقت محمود، میاں محمودالرشید اور سادیہ سہیل بھی لبرٹی چوک پہنچ گئے ہیں۔
راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی عوام اور پی ٹی آئی کارکنان احتجاج ریکارڈ کروانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے، شہریوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے شیخ راشد شفیق کی رہائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی جانب سے زیرو پوائنٹ سے ایف نائن تک ریلی نکال جارہی ہے، جس میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہے۔
عمران خان کی کال پر ہارون آباد میں بھی پی ٹی آئی کی جانب سے ریلی نکالی گئی، ریلی فقیر والی ریلوے پھاٹک سے شروع ہو کر فیصل بازار پر ختم ہوگئی ہے، ریلی میں شریک شرکا نے پاکستان اورتحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔