کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ اور خصدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، 5.2 شدت کے زلزلے سے خصدار میں متعدد مکانات منہدم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خصدار کے علاقے آرنجی میں زلزلے سے متعدد مکانات منہدم ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ڈی جی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو اور چیف سیکریٹری بلوچستان نے فوری ایکشن کی ہدایت کی ہے، امدادی سامان متاثرہ علاقوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں خیمے، بستر، کھانے پینے کی اشیا اور ادویات شامل ہیں۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ زلزلے سے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، متاثرہ علاقے کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ آج صبح لسبیلہ کے شمالی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بیلہ سے 80 کلو میٹر شمال میں تھا۔