جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

کراچی: ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران چور ڈاکو بے لگام ہوگئے، ڈکیتی کی واردات کے دوران 7 ماہ کی حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی 3 روزہ تعطیلات کے دوران شہر قائد میں چور ڈاکوؤں کو کھلی چھوٹ مل گئی، شہر میں چھینا جھپٹی کے بے شمار واقعات پیش آئے۔

نیو کراچی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی، خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ اہلیہ کے ساتھ کہیں جارہے تھے جب راستے میں ڈاکوؤں نے روکا۔

- Advertisement -

ان کے مطابق ملزمان نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر 7 ماہ کی حاملہ خاتون کے پیٹ پر گولیاں برسا دیں، زخمی خاتون کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ بچہ پیٹ میں ہی دم توڑ چکا ہے جبکہ خاتون کی حالت نازک ہے۔

دوسری جانب نارتھ کراچی سیکٹر 7 ڈی میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عید کے نئے کپڑے پہنے 2 ملزمان موٹر سائیکل پر آئے، کم عمر ملزمان نے اسلحہ نکالا اور شہری سے موبائل چھین کر فرار ہونے لگے۔

اس دوران شہری نے مزاحمت کی تو ملزم کا موبائل فون زمین پر گر گیا، دوسری جانب سیکیورٹی گارڈ نے بھی ہوائی فائرنگ کی۔ ملزم پلٹ کر واپس آیا اور زمین پر گرا ہوا اپنا موبائل فون اٹھایا۔

دونوں ملزمان ناکام واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

ایک اور واقعے میں ڈیفنس کے علاقے میں پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، ملزمان کے 4 ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا، دونوں ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں