اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خیموں اور راشن پر مشتمل امدادی سامان روانہ کردیا گیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکومت کی جانب سے افغان سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج روانہ کردیا گیا، خصوصی سی 130 طیارہ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے خیموں اور راشن پر مشتمل امدادی سامان لے کر مزار شریف پہنچ گیا۔
یہ پہلا طیارہ ہے جس نے نور خان ایئر بیس سے اڑان بھری، طیارے کی روانگی کے وقت افغانستان میں پاکستان کے سفیر، نور خان ایئر بیس پر موجود تھے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ افغانستان پہنچ گئی، اس کے بعد مزید امدادی اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، عالمی برادری کو اس گھڑی میں افغان عوام کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔
First consignment of relief goods for the flood affectees has reached Afghanistan to be followed by more relief measures. Pakistan will continue to stand by Afghan brothers & sisters through thick & thin. International community shouldn’t forget Afghan people in this hour of need
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 7, 2022