جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

ابشر پر پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ کی درخواست رد ہونے پر کیا کریں؟

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ کے لیے ابشر پر تواصل سروس کے ذریعے انھوں نے کارروائی کی جو منظور نہیں ہوئی، بلکہ جوازات کے ادارے سے رابطہ کرنے کی ہدایت موصول ہوئی، اب اس سلسلے میں کیا کیا جائے؟

اس سلسلے میں محکمے نے وضاحت جاری کی ہے کہ نقل معلومات کے لیے ابشر سسٹم پر دی گئی درخواست ’رد‘ ہونے پر درخواست گزار کو چاہیے کہ وہ اپنے قریبی جوازات کے دفتر سے اپائنٹمنٹ حاصل کرے اور اسے پرنٹ کرائے۔

پاسپورٹ کی نقل معلومات کے لیے مخصوص فارم پُر کرنا ضروری ہے، جو جوازات کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوتا ہے، فارم کے ساتھ پرانے اور نئے پاسپورٹ اور اقامہ کی فوٹو کاپی کے ساتھ ’ابشر‘ پر موصول ہونے والے اعتراض کا پرنٹ بھی حاصل کیا جائے اور اسے درخواست فارم کے ساتھ منسلک کر کے حاصل کیے گئے وقت پر جوازات کے دفتر سے رجوع کیا جائے جہاں موجود اہل کار کو تمام اشیا فراہم کی جائیں۔

- Advertisement -

خیال رہے کہ جوازات کے قانون کےمطابق مملکت میں مقیم کارکن اپنے پاسپورٹ کی نقل معلومات اپنے اسپانسر کے ذریعے کرائیں گے جب کہ غیر ملکی کارکن اپنے اہل خانہ یا زیر کفالت افراد کے پاسپورٹ کی نقل معلومات خود کرانے کے مجاز ہوتے ہیں۔

پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے لیے اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ پرانے پاسپورٹ، نئے پاسپورٹ اور اقامہ کی ’پی ڈی ایف‘ فائل بنائی جائے جو 3 ایم بی سے زائد نہ ہو۔

کیا کمپنی ملازم کے اقامے کو انفرادی اقامہ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے؟

بعض افراد کی جانب سے عام طور پر یہ غلطی ہوتی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی کاپی اٹیچ کرتے وقت ایک ہی فائل نہیں بناتے بلکہ ہر کاپی کی علیحدہ سے فائل بناتے ہیں اور جب اسے اپ لوڈ کرتے ہیں تو پہلے والی فائل ڈیلیٹ ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے فائل مکمل نہیں ہوتی اور سسٹم اسے رد کر دیتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے مرکزی سسٹم میں شہریوں اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہوتا ہے، غیر ملکیوں کے اقامہ اور پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کی جاتی ہیں، اقامے یا ایگزٹ ری انٹری اور فائنل ایگزٹ کے لیے کارآمد پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔

پاسپورٹ کی تجدید کے فوری بعد یہ لازمی ہے کہ نئے تجدید شدہ پاسپورٹ کی معلومات کو جوازات کے سسٹم میں فیڈ کیا جائے، نئے پاسپورٹ کی معلومات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے عمل کو عربی میں ’نقل معلومات‘ کہا جاتا ہے، ماضی میں نقل معلومات کے لیے جوازات کے دفتر جانا لازمی ہوتا تھا، لیکن اب جوازات کے ابشر اکاؤنٹ پر نئے پاسپورٹ کی جملہ معلومات فیڈ کرنے کے عمل کو کافی آسان بنایا گیا ہے۔

جوازات کی ’ابشر‘ سروس میں موجود ’تواصل‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے ’نقل معلومات‘ کی سروس حاصل کی جا سکتی ہے، نقل معلومات کی سروس میں عام طور پر ہونے والی غلطی کے سبب جوازات کا سسٹم فائل کو مسترد کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے کارروائی مکمل نہیں ہو سکتی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں