کراچی: شہر قائد میں ایک اور بچے کے اغوا کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں ایک واٹر پارک سے فیملی کے ساتھ آنے والے بچے کو اغوا کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سے گزشتہ روز ایک اور بچہ مبینہ طور پر اغوا ہو گیا، سپر ہائی وے پر واقع واٹر پارک سے فیملی کے ساتھ آنے والا بچہ اچانک غائب ہو گیا۔
والدین کی جانب سے پولیس کو اطلاع دیے جانے کے بعد واٹر پارک کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے واردات کی تصدیق ہو گئی، پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ تھانہ میمن گوٹھ میں درج کر دیا۔
بچے کو مبینہ طور پر تین افراد نے اغوا کیا، سامنے آنے والی فوٹیج میں بچے کو 2 مردوں اور ایک عورت کے ساتھ جاتے دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے ایف آئی آر میں لکھا کہ اغوا کار بچے کو پارکنگ ایریا میں کھڑی سفید گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق اغوا کاروں نے یہ واردات شام پونے 6 بجے کی، پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد بچے کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ جلد بچے کو تلاش کر کے ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔