کراچی: شہر قائد میں ہونے والے گزشتہ روز کے دھماکے کی ذمے داری کالعدم سندھو دیش لبریشن آرمی نے قبول کر لی، واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات صدر کے علاقے داؤد پوتہ روڈ پر بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے تھے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل کے پیچھے نصب تھا، نیز اس دھماکے کی ذمہ داری سندھو دیش لبریشن آرمی نے قبول کر لی ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل کے پیچھے نصب تھا اور بم 2 سے ڈھائی کلو گرام وزنی اور دیسی ساختہ تھا۔
بی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ بم کو ٹائمر ڈیوائس کے ذریعے استعمال کر کے پھاڑا گیا، اس طرح کے 3 دھماکے پہلے بھی ہو چکے ہیں، ایک دھماکا شیریں جناح کالونی دوسرا ماڑی پور روڈ پر کیا گیا تھا، دھماکے میں 8 گاڑیوں اور 5 موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔
کراچی دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
بی ڈی ایس حکام کے مطابق بم میں بال بیئرنگ استعمال کیے گئے تھے، اور بارودی مواد مقامی سطح پر تیار کیا گیا تھا۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آ چکی ہیں، جن میں سے ایک میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب ایک سرکاری گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی، جس پر پولیس کو شبہ ہے کہ دھماکے میں سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔